ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سجل کمار کی پٹیشن عدالت کو دھمکانے والی، متاثرین کو انصاف کا انتظار:سی بی آئی

سجل کمار کی پٹیشن عدالت کو دھمکانے والی، متاثرین کو انصاف کا انتظار:سی بی آئی

Tue, 04 Oct 2016 11:29:03    S.O. News Service

نئی دہلی، 3 ؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )مرکزی تفتیشی بیورو(سی بی آئی) نے آج دہلی ہائی کورٹ سے کہا کہ کانگریس لیڈر سجن کمار نچلی عدالت کی طرف سے انہیں بری کرنے کے خلاف اپیل پر سماعت کرنے والے ایک جج پر مبینہ طور پرالزام لگا کر عدالت کو دھمکارہے ہیں جبکہ سال 1984کے سکھ مخالف فسادات کے متاثرین کو انصاف کا انتظار ہے۔کمار نے ایک درخواست میں اپیل پر سماعت کر رہی بنچ میں شامل جسٹس پی ایس تیز ی کی طرف سے مبینہ امتیازی سلوک کا الزام لگاتے ہوئے اس معاملے کی منتقلی کی مانگ کی تھی۔اس درخواست پر جواب دیتے ہوئے سی بی آئی نے کہا کہ یہ رکاوٹ پیدا کرنے، کارروائی میں تاخیر کرنے اور انصاف کی رفتار کو متاثر کرنے کی کوشش ہے۔سی بی آئی نے جسٹس گیتا متل اور جسٹس پی ایس تیزی کی بنچ کے سامنے کمار کی عرضی کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سال 2010میں جب موجودہ کیس کی سماعت شروع ہوئی تو 26سال کی تاخیر پہلے ہی ہو چکی تھی۔اب 30سال سے زیادہ وقت گزر چکا ہے اور معاملے کو مکمل طور پر نہیں نمٹایا گیا ہے اور متاثرین کو اب بھی انصاف کا انتظار ہے۔وکیل ڈی پی سنگھ اور ترننم چیمہ کی طرف سے دائر جواب میں کہا گیا کہ سماعت روزانہ کی بنیاد پر شروع ہونی تھی، نتیجہ تک پہنچنے میں تین سال کا وقت لگ گیا،حکم کے نتیجہ کے بعد بھی تین سال گزر چکے ہیں اور فساد متاثرین کو اب بھی انصاف کا انتظار ہے۔اس میں کہا گیا کہ اس درخواست کے ذریعے کمار یہ کہہ کرانصاف کے نظام کا مذاق بنانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ اس معاملے میں تاخیر کی وجہ سے ان کوہراساں کیا جارہاہے۔فسادات کے دوران دہلی چھاؤنی کے راج نگر علاقے میں بھیڑ کے ذریعہ پانچ سکھوں کو مارنے سے جڑے معاملے میں سال 2013میں نچلی عدالت نے کمار کو بری کیا تھا۔کمار نے اپنی درخواست میں دعوی کیا کہ معاملہ ہائی کورٹ کی کسی دوسری بنچ کے پاس ٹرانسفر ہونا چاہئے کیوں کہ جسٹس تیزی نے نچلی عدالت کے جج کے طور پر بھی اس معاملے میں ان کی پیشگی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی تھی۔عدالت نے اس معاملے میں آگے کی سماعت کے لئے 17اکتوبر کی تاریخ مقرر کی۔


Share: